بنگلورو17؍جون(ایس او نیوز) 2018میں منعقد ہونے والے اسمبلی انتخابات کیلئے بی جے پی نے ابھی سے تیاریوں کا آغاز کردیا ہے۔جس کی پہل کے طور پر کل بی جے پی کی ریاستی عاملہ کا اجلاس پیالیس گراؤنڈ میں منعقد ہونے والا ہے، جس میں پارٹی کے ریاستی صدر بی ایس یڈیورپا ، مرکزی وزراء اننت کمار ، ڈی وی سدانند گوڈا ، جی ایم سدیشور، نرملا سیتا رامن کے علاوہ ریاستی قائدین شرکت کریں گے۔ یڈیورپا کے ریاستی صدر بننے کے بعد پہلی مرتبہ مجلس عاملہ کااجلاس منعقد ہورہاہے۔ اس اجلاس میں دو اہم فیصلے لئے جانے کی توقع ہے۔ جس کے تحت وزیراعظم نریندر مودی حکومت کے دو سال کی تکمیل پر انہیں مبارکباد پیش کرنے کے علاوہ کانگریس حکومت کی ناکامیوں کے خلاف احتجاج کرنے کا فیصلہ شامل ہے۔ اجلاس میں این ڈی اے حکومت کے کارناموں کو عوام تک پہنچانے کیلئے حکمت عملی تیار کی جائے گی اور مودی حکومت کے قیام کے بعد سے جاری ہونے والے عوام پرور منصوبوں سے عوام کو واقف کرانے کے علاوہ حقیقی مستحقین تک منصوبوں کو پہنچانے پر غور کیا جائے گا۔ بتایاجاتاہے کہ سدرامیا قیادت والی کانگریس حکومت کی ناکامیوں کی فہرست تیار کرتے ہوئے ریاست گیر احتجاج کا فیصلہ لیا جائے گا۔ ریاست میں سنگین خشک سالی پر قابو پانے میں ناکامی ، وزراء کی لاپرواہی وبدعنوانی کسانوں کی خود کشیوں کے واقعات میں اضافہ، مرکزی امداد کے استعمال میں ناکامی ، پینے کے پانی کی سربراہی اور چارہ کی فراہمی میں ناکامی کے خلاف بوتھ سطح سے لے کر ضلعی سطح تک احتجاج کرنے کا فیصلہ لیا جائے گا۔